ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مالیگاؤں دھماکے کے ملزم کرنل پروہت کو دھچکا ہائی کورٹ نے ٹرائل پر اسٹے دینے سے انکارکردیا،جمعیۃ علماء کی کوشش کامیاب

مالیگاؤں دھماکے کے ملزم کرنل پروہت کو دھچکا ہائی کورٹ نے ٹرائل پر اسٹے دینے سے انکارکردیا،جمعیۃ علماء کی کوشش کامیاب

Sat, 02 Apr 2022 11:18:30    S.O. News Service

نئی دہلی، 2؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی ) مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ کے کلیدی ملزم کرنل شری کانت پروہت کو اس وقت شدید دھچکہ لگا جب ممبئی ہائی کورٹ نے مقدمہ سے ڈسچارج کئے جانے والی اس کی عرضداشت پر فوری سماعت سے انکار کردیا وہیں ممبئی ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے ذریعہ یومیہ بنیاد پر جاری سماعت پر اسٹے لگانے سے بھی انکار کردیا-یہ اطلاع جمعیۃ کی جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے -ریلیز کے مطابق جسٹس پی آر ورالے اور جسٹس ایس ایم موڈک پر مشتمل ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے روبرو سی آر پی کی دفعہ 197 کے تحت مقدمہ سے ڈسچارج کرنے والی کرنل پروہت کی عرضداشت پر جب سماعت شروع ہوئی توجمعیۃ علماء ہند کی جانب سے بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ بی اے دیسائی(سابق وزیر و ایڈیشنل سالیسٹرجنرل آف انڈیا) نے دو رکنی بینچ کو بتایا کہ ملزم کی جانب سے داخل پٹیشن پر عدالت کو خصوصی اور فوری سماعت کرنے کی بجائے اسے ان تمام عرضداشتوں کے ساتھ سماعت کرنا چاہئے جو دیگر ملزموں نے داخل کی ہیں -ایڈوکیٹ بی اے دیسائی نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد ہیں جس میں ایک بڑا الزام یہ بھی ہے کہ وہ کشمیر سے آر ڈی ایکس لایا تھا جس کے ذریعہ مالیگاؤں میں رمضان کے مبارک مہینہ میں بم دھماکہ کیا گیا جس میں چھ لوگوں کی موت ہوئی اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے تھے -ایڈوکیٹ بی اے دیسائی نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم کا یہ دعویٰ کہ بم دھماکہ کے دوران وہ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا جھوٹ کا پلندہ ہے، ملزم بم دھماکوں کی سازش کا اہم رکن ہے لہٰذا الزام کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزم کی عرضداشت پر سماعت نہیں ہونی چاہئے -دریں اثناء کرنل پروہت کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ یا تو ملزم کی ڈسچارج کی عرضداشت پر سماعت کی جائے یا پھر مقدمہ پر جاری سماعت کو روکا جائے، اس پرکرنل پروہت کے وکیل سے عدالت نے کہا کہ مقدمہ کی سماعت روکنے کا سوال ہی نہیں ہے-


Share: